بڑے جانوروں کی قیمتیں انتہائی کم،بیوپاری رل گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مویشی منڈیوں میں مندے کا راج’ قربانی کے بڑے جانوروں کی قیمتیں50 فیصد تک گر گئیں’ امریکہ ایران جنگ’ افغان بارڈر کی بندش اور مہنگائی قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں کمی کا باعث قرار۔ تفصیل کے مطابق افغانستان کا بارڈر بند ہونے کی وجہ اور ایران وامریکہ جنگ کے باعث جانوروں کی قیمتیں گر گئیں۔ ذرائع کے مطابق جانوروں کا جو گوشت ایکسپورٹ ہوتا تھا وہ موجودہ حالات کے باعث اب ایکسپورٹ نہیں ہو رہا ہے۔ جانوروں کے گوشت کی مانگ میں کمی ہونے سے امسال مویشی منڈیوں میں جانوروں کی وہ قیمتیں نہیں لگ رہیں جو گزشتہ سالوں سے معمول رہا ہے۔ بالخصوص بڑے جانوروں گائے’ بچھڑے اور اونٹ وغیرہ کی قیمتیں خاصی کم ہو چکی ہیں، اگرچہ مویشی منڈیوں میں لوگوں کا رش نظر آتا ہے مگر وہاں پہنچنے والے سبھی لوگ جانور خریدنے کیلئے نہیں جاتے بلکہ وہاں جانیوالوں میں اکثریت ٹک ٹاک بنانے والوں کی ہے، مویشی منڈیوں میں بڑے جانوروں کے خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں اور اس صورتحال کے باعث بیوپاری قربانی کے جانوروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں، جانوروں کے بیوپاریوں نے ان کی دیکھ بھال پر جو اخراجات کئے وہ بھی پورے ملنا نظر نہیں آتے اور مویشی منڈیوں میں ”مندے” کے باعث بیوپاری ”رُل” گئے ہیں۔ عیدالاضحی کل ہے اور ابھی تک مویشی منڈیوں میں قربانی کے بڑے جانوروں کی قیمتیں خاصی کم ہیں جس سے انہیں فروخت کے لیے لانے والے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں