کمشنر سرگودھا کا جنرل بس سٹینڈ کا اچانک دورہ

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرگودھا سے اپنے گھروں کو واپس جانے والے مسافروں کو فراہم سہولیات اور مقررہ کرایوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے رات گئے جنرل بس اسٹینڈ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، مسافروں سے ملاقات کی اور ان کے ٹکٹس چیک کیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں پر مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے بسوں اور ویگنوں پر کرایہ نامے نمایاں انداز میں آویزاں ہونے کا بھی جائزہ لیا۔کمشنر سرگودھا نے بس اسٹینڈ پر مسافروں کیلئے بیٹھنے کے انتظامات، پینے کے صاف پانی، لائٹنگ، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پر شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔اس موقع پر کمشنر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق نہ اوورلوڈنگ برداشت کی جائے گی اور نہ ہی اوورچارجنگ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ٹرانسپورٹر کے خلاف زائد کرایہ وصول کرنے یا مسافروں کو مشکلات میں ڈالنے کی شکایت موصول ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں