فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن، ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے جامعات کے لیے مینٹورنگ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ انتخابی عمل کے بعد مختلف شعبہ جات میں مینٹور گروپس تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کو مضبوط بنانا، علمی مہارتوں کو فروغ دینا اور منظم رہنمائی و باہمی تعاون کے ذریعے ایک معاون تعلیمی ماحول قائم کرنا ہے۔ یہ مینٹورشپ پروگرام زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیمی قیادت کو فروغ دیا جائے اور اساتذہ کے درمیان علم و تجربات کے تبادلے کے مؤثر مواقع پیدا کیے جائیں۔ رہنمائی کے اس نظام کے ذریعے نئے اور تجربہ کار اساتذہ دونوں کو تدریس، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی میں بہتری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پروگرام جامعہ کی علمی برادری پر مثبت اثرات مرتب کرے گا اور اعلیٰ تعلیم میں مستقبل کی قیادت تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




