فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے کئے اور عیدالاضحی کے موقع پر سیور یج آپریشنز میں مکمل ریلیف دینے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز شعیب رشید، عثمان ضیائ، شعیب ضیائ، ڈائریکٹر آپریشنز ایسٹ نعمان نور و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا نے شہر کے پوش علاقہ مدینہ ٹائون ایکس بلاک، وائی بلاک، آفیسر کالونی، مدینہ ٹائون کے وزٹ کرتے ہوئے عید الاضحی کے ایام میں مکینوں کو ریلیف دینے کے لئے 2سکر مشینوں کو مختص کردیا تاکہ علاقہ میں کہیں بھی پانی جمع ہو تو اسے بروقت ختم کیا جا سکے۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سیوریج آپریشنز میں ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت سکرمشینیں، ڈی واٹر سیٹس فراہم کر دئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی سیوریج مسئلہ کو مختصر وقت میں حل کیا جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ آپریشنز سٹاف عید تعطیلات کے باوجود ڈیوٹیز پر مامور رہے گا اور کسی بھی قسم کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔




