لاہور/بہاولنگر(نامہ نگار)بہاولنگر میں محکمہ مال کے مبینہ کلو خان، یاسین بھٹی کرپشن کیس نے ضلع بھر میں ہلچل مچا دی۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مبینہ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شیڈول آفنس کے سنگین الزامات پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے 37ریونیو اہلکاروں کو طلب کر لیا ہے جس کے بعد محکمہ مال میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب لاہور کی جانب سے جاری کال اپ نوٹس میں تحصیلدار محمد حسنین طاہر، تحصیلدار تقی احمد سید، نائب تحصیلدار محمد مشتاق، محمد زاہد، محمد طارق سمیت 31 پٹواریوں کو 2 جون 2026 بروز پیر صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق یہ کارروائی محمد یاسین پٹواری موضع قصبہ بہاولنگر کے خلاف درج مقدمہ نمبر 17/2026 کی تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر کی گئی۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران متعدد افسران اور اہلکاروں کے مبینہ طور پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔اینٹی کرپشن پنجاب نے طلب کیے گئے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تحریری دفاع، سرکاری ریکارڈ اور متعلقہ ثبوتوں سمیت پیش ہوں، بصورت دیگر یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹس جاری ہونے کے بعد محکمہ مال کے دفاتر میں غیر معمولی بے چینی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ کئی اہلکاروں نے مبینہ طور پر سیاسی شخصیات اور بااثر حلقوں سے رابطے تیز کر دئیے ہیں تاکہ ممکنہ کارروائی سے بچا جا سکے۔




