فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب وژن کے تحت فیصل آباد ڈویژن میں ستھراپنجاب ایجنسی کا کامیاب عید الاضحی صفائی آپریشن مکمل ہو گیا، سڑکوں کی دھلائی کر دی گئی۔ چاروں اضلاع میں39 ہزار 360ٹن الائشیں اٹھا کر ڈمپ کر دی گئیں ۔ 14 ہزار 648عوامی شکایات نمٹادی گئیں۔ ضلع فیصل آباد میں 23ہزار 126ٹن الائشیں اٹھا کر تلف اور 8610عوامی شکایات حل کی گئیں۔ ضلع جھنگ میں 5ہزار 966ٹن الائشیں اور 2824 شکایات کو نمٹایا گیا۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 5474ٹن الائشیں تلف اور 2017عوامی شکایات کا ازالہ ہو گیا۔ ضلع چنیوٹ میں 4ہزار 794ٹن الائشیں تلف اور 1197عوامی شکایات حل کی گئیں۔ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب ٹیموں کو مبارکباد دی۔ کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ ڈویژن بھر میں صفائی کا اعلی معیار ہمہ وقت یقینی بنانا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے متعلقہ افسران اور عملے کو شاباش دیتے ہوئے ستھرا پنجاب کے ورکرز کیلئے10,10ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔




