ستھرا پنجاب کے ملازمین کو تنخواہیں دینے کی پالیسی تبدیل کی جائے،عوامی حلقے

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ میونسپل کمیٹی کے 80ملازمین ستھرا پنجاب میں کام کرنے کے باوجود ماہانہ تقریباً32لاکھ روپے کی تنخواہیں میونسپل کمیٹی فنڈز سے وصول کر رہے ہیں، میونسپل کمیٹی ملازمین دوران ڈیوٹی روزانہ کئی ٹن کوڑا کرکٹ اٹھا کر ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو دے رہے ہیں جس کے وزن کے حساب سے ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گورنمنٹ آف پنجاب سے پیسے وصول کرتی ہے پنجاب حکومت کو پالیسی تبدیل کرنی چاہیے اور ستھرا پنجاب میں کام کرنے والے ملازمین کو ماہانہ تنخواہیں بھی مذکورہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ادا کرے، حکومت کی پالیسی تبدیل ہونے سے صوبہ بھر کی میونسپل کمیٹیوں اور کارپوریشنز پر سالانہ تنخواہوں کی مد میں اربوں روپے کا بوجھ کم ہو سکے گا، عوامی حلقوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے پالیسی کو تبدیل کرنے پر زور کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبہ بھر میں کوڑا کرکٹ تلف کرنے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مستقل بینادوں پر مزید بہتر بنانے کیلئے ستھرا پنجاب پروگرام شروع کیا گیا جسے عوامی سطح پر خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے عوام الناس نے پنجاب حکومت کے مثالی اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام شروع ہونے پر پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کی میونسپل کمیٹیوں اور کارپوریشن میں صفائی ستھرائی کے شعبہ میں کام کرنے والے ملازمین کو ستھرا پنجاب میں شامل کیا گیا اور مذکورہ ملازمین کو ستھرا پنجاب میں کام کرنے کی ہدایات جاری ہوئی جس میں میونسپل کمیٹیوں اور کارپوریشنز کے ملازمین اب ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ میں ڈیوٹیاں ادا کر رہے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کے 80ملازمین بھی ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں اپنی ڈیوٹیاں ادا کر رہے ہیں مگر تنخواہیں میونسپل کمیٹی کے فنڈز سے وصول کر رہے ہیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ 80ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں تقریباً 32لاکھ روپے اور سالانہ تقریباً پونے 4کروڑ روپے کے قریب میونسپل کمیٹی ادا کر رہی ہے یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ میونسپل کمیٹی کے 80ملازمین روزانہ کئی ٹن کوڑا کرکٹ اٹھا کر ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو دیتے ہیں جس کے وزن کے حساب سے ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پنجاب حکومت سے باقاعدہ سالانہ کروڑوں روپے کا معاوضہ وصول کرتی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں مثالی ترقیاتی منصوبہ جات چل رہے ہیں اور ستھرا پنجاب پروگرام کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے مگر پنجاب حکومت کو اپنی اس پالیسی پر فوری طور پر نظر ثانی کرنی چاہیے کہ جڑانوالہ میونسپل کمیٹی کے جو 80ملازمین ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں ڈیوٹیاں ادا کر رہے ہیں انکو کو تنخواہیں میونسپل کمیٹی جڑانوالہ ادا کرنے کی بجائے مذکورہ ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی تنخواہیں ادا کریں حکومت کی پالیسی تبدیل ہونے پر صوبہ بھر کی میونسپل کمیٹیوں اور کارپوریشنز پر تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں پڑنے والا سالانہ اربوں روپے کا بوجھ نہ صرف کم ہو گا بلکہ ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ادا ہونے والے سالانہ اربوں روپے عوامی فلاحی منصوبہ جات پر خرچ ہو سکیں گئے جبکہ پنجاب حکومت کی پالیسی تبدیل ہونے پر اس اقدام سے صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبہ جات شروع ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں