سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپور ٹ اتھارٹی ملک محمد طاہر کی سربراہی میں تشکیل دیے گئے خصوصی اسکواڈز نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ضلع بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں، اوورلوڈنگ اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔ خصوصی اسکواڈز نے مختلف شاہراہوں، بس اڈوں اور ٹرانسپورٹ روٹس پر مجموعی طور پر1,244 گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ کارروا ئیوں کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 74 گاڑیوں کو بند کیا گیا جبکہ مختلف ٹرانسپورٹرز پر 3 لاکھ 7 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید برآں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے 76 ہزار روپے مسافروں کو واپس دلائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے، اوورلوڈنگ اور دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی اوورچارجنگ یا ٹرانسپورٹ سے متعلق شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری آگاہ کریں تاکہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔




