ریونیو ریکوری مہم کو مزید تیز کیا جائے،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے متعلقہ سٹاف کو حکم دیا ہے کہ ریونیو ریکوری مہم کو مزید کیا جائے اور رواں ماہ کے اختتام تک بقایاجات کی سوفیصد وصولی کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں ناقص کارکردگی کے حامل سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی جبکہ اچھے نتائج کے حامل سٹاف کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو ریکوری مہم کی مثر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ روزانہ کے ٹارگٹ مقرر کرکے ان کی پیش رفت جائزہ لیں۔ دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے فوری طور پر اہم اجلاس طلب کرکے بقایاجات کی تفصیلات اور ان کی ریکوری کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عدنان شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس افضال انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر ودیگر افسران موجود تھے۔ اے ڈی جی نے سختی سے ہدایت کی کہ کمرشلائزیشن کی بقایا فیسوں، ہائوسنگ سکیموں میں غیرقانونی ڈویلپمنٹ پر عائد جرمانوں اور دیگر واجبات کی وصولی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور نادھندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے عدم ادائیگی کی صورت میں ان کی جائیدادوں کو فوری سیل کیا جائے۔ انہوں نے غیرقانونی کمرشلائزیشن پر کڑی نظر رکھنے اور قانون شکن عناصر کو قانونی دائرہ میں لانے کی ہدایت کی۔ اے ڈی جی نے ایف ڈی اے سٹی کے الاٹیز کے ذمہ بقایا اقساط، ڈویلپمنٹ و اضافی ڈویلپمنٹ چارجز کی وصولی کے لئے موثر لائحہ عمل اختیار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ ریکوری سٹاف کو غیر معمولی طور پر متحرک رکھیں اور روزانہ کی کارگزاری کے بارے میں انہیں آگاہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں