فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباداربن ٹرانسپورٹ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی (فٹس) کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے بیرون امین پور بازار فٹس ٹرمینل کا دورہ کیا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی بھی ہمراہ تھے جبکہ ایڈمنسٹریٹر فٹس راحت علی نے پاکستان سٹیٹ آئل کے ساتھ معاہدہ کے تحت فٹس پٹرول پمپ کی آمدن میں اضافہ کے لئے اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر نے کہا کہ انٹر سٹی اور انٹرا سٹی وہیکلز کے لئے فٹس ٹرمینل کی وسعت ناگزیر ہے۔انہوں نے ریکوری کے اہداف کی تکمیل اور موثر مانیٹرنگ کے لئے ماہر ریکوری سٹاف کی بھرتی کا بھی فیصلہ کیا۔کمشنر نے فٹس میں تعینات غیر ضروری سٹاف کی ڈائون سائزنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آمدن شفاف انداز میں عوامی بہبود کے اقدامات کے لئے بروئے کارلائی جائے۔انہوں نے فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے پٹرول پمپ پر الیکٹرک وہیکل چارجنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فٹس پٹرول پمپ کی اپ گریڈیشن کے بعدسولر سسٹم پربھی منتقل کیا جائے۔ٹرمینل اور تحصیل سب ٹرمینل میں دونوں اطراف سے داخل ہونے والی پبلک سروس وہیکلز کے لئے فی وہیکل 50 روپے ٹوکن فیس لاگو کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔




