فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلہ میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔وفد کی قیادت صوبائی خطیب محکمہ اوقاف پنجاب مولانا مختار احمد ندیم نے کی۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ وفد میں صاحبزادہ حافظ محمد امجد، مفتی محمد ضیا مدنی، زاہد محمود قاسمی،مولانا ریاض کھرل اور مولانا نصر اللہ بھی شامل تھے۔اتحاد بین المسلمین کانفرنس میں ڈویژن بھر سے مختلف مکاتب فکر کے جید علما کرام نے بھرپور شرکت کی اور محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ رسول اکرم ۖ کی ذاتِ اقدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مرکز ہے اور تمام مسلمان قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اتفاق و اتحاد کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام عظمتوں، برکتوں اور قربانیوں کا مہینہ ہے جبکہ سیدنا امام حسین پوری امت مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہیں۔ ان کی عظیم قربانی نے اسلام کی حقیقی اقدار کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ”اپنا مسلک چھوڑو نہ، کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ” کے سنہری اصول پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور انتظامیہ کو باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہیے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے۔مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کیلئے طے شدہ ضابطہ کار پر مکمل عملدرآمد سے امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اتحاد و اتفاق قوموں کی اصل طاقت ہے اور متحد قوم ہی اپنے دشمنوں کو موثر جواب دے سکتی ہے۔ قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے اتحاد بین المسلمین ناگزیر ہے جبکہ اتحاد اور قومی یکجہتی ہی پاکستان کی اصل قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، ایک فرد کی تکلیف پوری امت کی تکلیف ہونی چاہیے۔ رسول اکرم ۖ کے فرمان کے مطابق مومنین دستِ واحد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کسی مسلمان کی خوشی میں شریک ہونا اور اس کے دکھ درد کو اپنا سمجھنا اسلامی تعلیمات کا تقاضا ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ فروعی اختلافات سے بالاتر ہو کر محبت، بھائی چارے، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ دلوں کی دوریاں اور قدورتیں اتحاد و اخوت کے ذریعے ختم کی جا سکتی ہیں۔ مسلمانوں کا اتحاد پنجاب اور پاکستان کی مضبوطی کا ضامن ہے جبکہ قومی یکجہتی سے پاکستان دنیا میں مزید عزت، وقار اور سربلندی حاصل کرے گا۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں اتفاق، اتحاد، اخوت، رواداری اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔




