عوامی فلاحی پروگراموں کے ثمرات شہریوں تک پہنچنے چاہئیں،کمشنر سرگودھا

سرگودھا(بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت “اپنا کھیت اپنا روزگار”انیشی ایٹو، پلس پراجیکٹ اور سٹی بیوٹیفکیشن /اربن ری جنریشن پلان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور منصوبہ جات سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے کمشنر کو منصوبوں کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے عوامی فلاحی پروگراموں کے ثمرات ہر صورت عام شہریوں تک پہنچنے چاہئیں۔کمشنر نے کہا کہ “اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلی لانے، نوجوانوں اور کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور جدید زرعی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت تمام سرگرمیوں کو شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔اجلاس میں پلس پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبہ پائیدار ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل کی مسلسل نگرانی کی جائے اور پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرائی جائیں۔سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ اور اربن ری جنریشن پلان کے تحت شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بحالی، سڑکوں اور چوکوں کی تزئین و آرائش، وال پینٹنگ، پارکس کی بہتری اور دیگر شہری سہولیات کے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور بہتر ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جاری منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں۔ کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ بین الادارہ جاتی تعاون، موثر نگرانی اور شفافیت کے ذریعے ہی ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تمام اضلاع کے افسران کو ہدایت کی کہ حکومتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات میسر آ سکیں اور مجموعی ترقی کے عمل کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں