اسلام آباد(بیوروچیف) ملک بھر میں جعلی ادویات کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے وزارت صحت کا انقلابی اقدام سامنے آیا ہے۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں ادویات پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کی باضابطہ منظوری دے دی۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ڈرگ لیبلنگ اینڈ پیکنگ رولز 1978میں ضروری ترامیم کی منظوری دے دی گئی ہے، یہ فیصلہ پاکستا ن میں جعلی ادویات کے خاتمے کی جانب ایک بڑا اور تاریخی قدم ہے، پہلی بار ہر دوا کو ڈیجیٹل طریقے سے ٹریک اور ویریفائی کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت جعلی، غیر معیاری اور نقلی ادویات کی نشاندہی اور ان کا خاتمہ ممکن ہوگا، نظام کے نفاذ کے بعد اب عام صارف بآسانی دوا کی میعادِ استعمال اور قیمت سے متعلق مستند معلومات تک رسائی حاصل کر سکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان اس جدید نظام کو ملک بھر میں نافذ کریگی۔




