اسلام آباد (بیوروچیف) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے ٹوکن ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں کی وصولی کے لیے صوبہ بھر میں سخت کارروائیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے ہدایت کی ہے کہ ٹوکن ٹیکس نادہندگان فوری طور پر واجبات ادا کریں، بصورت دیگر ان پر100فیصد جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ڈی جی ایکسائز کے مطابق مالی سال کے آخری مہینے میں ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے گی، جس کے تحت ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کو بند کیا جائے گا جبکہ نان رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف بھی پنجاب بھر میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز نے رواں مالی سال کے پہلے 11ماہ کے دوران ریکارڈ 70ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں، جو گزشتہ مالی سال کی مجموعی وصولیوں سے 15ارب روپے زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجموعی وصولیوں میں سے 40ارب روپے موٹر ٹیکس جبکہ 25ارب روپے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں وصول کیے گئے ہیں۔




