محتسب پنجاب کا بنیادی مقصد کم خرچ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے

سرگودھا(بیورو چیف)عوامی آگاہی اور شہری حقوق کے فروغ کیریڈیو پاکستان سرگودھا کے مقبول سلسلے میں ایف ایم101 ریڈیو پاکستا ن سرگودھا کے مقبول پروگرام میں محمد الیاس گِل، ایڈوائزر محتسب پنجاب، ریجنل آفس سرگود ھا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی میزبانی معروف براڈکاسٹر سبطین بلوچ نے کی۔ گفتگو کے دوران محمد الیاس گِل نے محتسب پنجاب کے ادار ے کے قیام، دائرہ اختیار، عوامی خدمات اور شکایات کے مؤثر ازالے کے نظام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ محتسب پنجاب ایک خودمختار اور غیر جانبدار ادارہ ہے جو سرکاری محکموں میں بدانتظامی، ناانصافی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور انتظامی بے ضابطگیوں کیخلا ف شہریوں کو مفت اور فوری داد رسی فراہم کرتا ہے۔ پروگرام میں عوامی دلچسپی کے متعدد موضوعات زیر بحث آئے جن میں شکایت درج کروانے کا طریق کار، آن لائن شکایات کا اندراج، محتسب پنجاب کے دائراختیار، شکایات کے ازالے کی مدت اور شہریوں کے لیے دستیاب سہولیات شامل تھیں۔ محمد الیاس گِل نے واضح کیا کہ شہری بغیر کسی فیس کے اپنی شکایات محتسب پنجاب کے دفاتر یا آن لائن نظام کے ذریعے درج کروا سکتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ادارہ ہر ممکن اقدامات کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محتسب پنجاب کا بنیادی مقصد عوام کو فوری، مؤثر اور کم خرچ انصاف کی فراہمی یقینی بنانا اور سرکاری اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں