جنوبی پنجاب میں2.5ارب کا شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور(بیوروچیف) حکومتِ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر شجرکاری منصوبہ شروع کرنیکا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق ڈی جی خان فاریسٹ سرکل میں موجود خالی جنگلاتی اراضی پر 2ارب 50کروڑ روپے مالیت کی شجرکاری کی جائے گی، منصوبے کے تحت پنجاب میں 7ہزار 249ایکڑ خالی جنگلاتی زمین کو سرسبز بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی آلودگی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرا ت کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، اس کے علاوہ دریائی جنگلات پر قبضوں کی روک تھام کے لیے خالی اراضی پر فوری شجرکاری کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ڈی جی خان فاریسٹ سرکل پنجاب کے 57 فیصد دریائی جنگلات پر مشتمل ہے، جس کے باعث اس علاقے کو منصوبے میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے، مجوزہ منصوبے کے تحت ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ اور کوٹ ادو میں شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کی دی گئی ہے۔منصوبے میں آبپاشی کے مثر نظام کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کی تنصیب بھی شامل ہے، جبکہ مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والی اقسام کے درخت مثلا شیشم، کیکر، نیم، بیری اور شہتوت لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔حکومت پنجاب کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد کاربن ذخیرہ بڑھانا، سموگ کی شدت میں کمی لانا، گرمی کی بڑھتی ہوئی لہر کے اثرات کم کرنا اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں