لاہور (بیوروچیف) وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی اگلے مالی سال میں کاشتکاروں کو بیس ہزار گرین ٹریکٹردینے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا 50سے 65ہارس پاور تک ٹریکٹر پرساڑھے7لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی، پنجاب میں پہلی مرتبہ 12اقسام کی ہائی ٹیک مشینری کی خریداری پر3کروڑتک بلاسود قرضے کی اسکیم ہے، پنجاب میں کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں پر تقریباً 200ہائی ٹیک کمبائنڈ ہارویسٹرمل گئے۔ گندم کی فصل کی کٹائی کیلئے پہلی مرتبہ50 ہائی ٹیک کمبائنڈ ہارویسٹرکا استعمال کیاگیا، پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے چاول کے کاشتکاروں کو 5ہزار سپرسیڈر مل گئے، پہلی مرتبہ سپرسیڈرکے ذریعے 14لاکھ ایکڑ پر چاول کی بوائی مکمل ہو گی، دوسرے مرحلے میں چاول کے کاشتکاروں کو مزید 5ہزار سپرسیڈر دیئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کاشتکار بھائیوں کو جدت کی راہ پرگامزن کرنا میراعزم ہے، ایگریکلچر میکانائزیشن سے نہ صرف لاگت میں کمی آئیگی بلکہ پیداواربھی بڑھے گی، سپرسیڈرکے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے، جدید ترین زرعی مشینری کااستعمال کاشتکارکیلئے ناگزیر ہو چکا ہے، چھوٹے کاشتکار کیلئے جدید ترین زرعی مشینری کرائے پر حاصل کرنیکی سہولت بھی دے رہے ہیں۔




