ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ

گوجرہ(نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت گوجرہ میں ترقیاتی، بلدیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر کے ہمراہ شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت زیر تعمیر 4 لاکھ 50 ہزار گیلن گنجائش کے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کا معائنہ کیا۔ انہیں بریفنگ دی گئی کہ یہ منصوبہ بارشی پانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے اور شہری علاقوں کو اربن فلڈنگ کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب اور نکاسی آب کے جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ گوجرہ کا دورہ کیا جہاں ویٹنگ ایریاز کی بہتری، ٹف ٹائلز کی تنصیب، شیڈز کی تعمیر، مین ہولز پر حفاظتی جال لگانے اور وال آرٹ کے کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سبزی منڈی گوجرہ میں جاری بحالی کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ آڑھتیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو فوری حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر زیر تعمیر جدید سہولت بازار کا بھی دورہ کیا گیا جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جلد عوام کیلئے فعال کر دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، مختلف وارڈز اور فارمیسی کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مفت ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات اور عملے کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویڑن کے مطابق تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر شہری، طبی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں