چنیوٹ(نامہ نگار)چنیوٹ میں رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن، چمڑا ساز فیکٹری اور کھالوں کا گودام مسمار تفصیلات کے مطابق ضلع چنیوٹ میں رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی صنعتی یونٹس کے خلاف انتظامیہ نے کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان کی ہدایات پر انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (محکمہ ماحولیات) نے رہائشی علاقے میں قائم ایک غیر قانونی چمڑا ساز فیکٹری کو مسمار کر دیا۔ کارروائی کے دوران رہائشی آبادی کے درمیان قائم کھالوں کے گودام کو بھی گرا دیا گیا۔ حکام کے مطابق مذکورہ فیکٹری اور گودام ماحولیاتی آلودگی اور شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے تھے، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ محکمہ ماحولیات کے افسران نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب اہل علاقہ نے غیر قانونی فیکٹری اور گودام کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کا شکریہ ادا کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس کارروائی سے علاقے میں ماحولیاتی آلودگی اور تعفن کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔




