ساہیوال (بیورو چیف) تھانہ غلہ منڈی کے علاقہ میں پولیس مقابلہ کے دوران منشیات فروش اور ریکارڈ یافتہ ملزم یوسف ولد حسن سکنہ گرین ویو ٹاؤن 87/9ـL اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ تعاقب کے بعد فائرنگ کے تبادلہ میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزم کے قبضہ سے 1500 گرام چرس، پسٹل 30 بور، خول 30 بور اور خول کارتوس 12 بور برآمد کر لیے گئے۔پولیس نے ملزم کے خلاف اقدام قتل، مزاحمتِ پولیس، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔جبکہ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کے احکامات کی روشنی میں ساہیوال پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مو?ثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ شاہکوٹ انسپکٹر نوریز عباس کی زیرِ قیادت پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث شان عرف شانی گینگ کے دو ارکان شان عرف شانی اور احمد علی کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر لیا، جس میں نقدی، طلائی زیورات، کپڑے اور بستر شامل ہیں۔ برآمد شدہ مال مسروقہ قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔




