زرعی یونیورسٹی کی لائبریری میں ببلیوتھراپی کارنر قائم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ہیلتھ 360 کے اشتراک سے اپنی مرکزی لائبریری میں ایک ”ببلیوتھراپی کارنر” قائم کر دیا ہے۔ اس کارنر کا مقصد سوانح عمریوں، افسانوی ادب اور خود اعتمادی و شخصیت سازی سے متعلق کتابوں سمیت منتخب مطالعہ جاتی مواد کے ذریعے ہمدردی کے جذبات کو فروغ دینا، تنقیدی سوچ کو مضبوط بنانا اور ذہنی و جذباتی صحت کی معاونت کرنا ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس اقدام کو طلبہ کی نفسیاتی صحت اور جذباتی بہبود کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ببلیوتھراپی کارنر میں ایسی کتابیں اور وسائل فراہم کیے گئے ہیں جو طلبہ کو دباؤ، سماجی تنہائی، مالی مشکلات اور ڈیجیٹل مصروفیات کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دیں گے۔ ہیلتھ 360 کے اشتراک سے ماہرِ نفسیات اور انگلش ایکسیس اسکالرشپ پروگرام کی سابق طالبہ اقرا نفیس طلبہ کو مفت مشاورتی خدمات فراہم کریں گی جہاں کتابوں کو بطور علاجی اور معاون ذریعہ استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ہیلتھ 360 کے درمیان ذہنی صحت سے متعلق آگاہی، نفسیاتی خدمات، استعداد کار میں اضافہ، تحقیق، تربیت اور کمیونٹی آؤٹ ریچ کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک لیٹر آف انٹینٹ پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ہیلتھ 360 کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انصار مشتاق نے دستخط کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں