لاہور (بیوروچیف) صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں جاری اور مکمل ہونے والی شاہراہوں کی کوالٹی چیکنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونیوالے ایک اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور چیف انجینئرز نے شرکت کی جبکہ ایس ای اور ایکسیئنز نے آن لائن اجلاس میں حصہ لیا۔اجلاس میں لوکل روڈ پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پروگرام کو رواں سال جون میں مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ جاری اور مکمل ہونے والی تمام شاہراہوں کی کوالٹی اور معیار کو ہر صورت چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف انجینئرز، ایس ای اور ایکسیئنز دفاتر تک محدود رہنے کی بجائے فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ منصوبوں کی موثر نگرانی ممکن ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو کے ہیڈ آفس سے خصوصی ٹیمیں کوالٹی چیکنگ کرکے باقاعدہ رپورٹس مرتب کریں گی جبکہ تھرڈ پارٹی چیکنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے واضح کیا کہ ناقص میٹریل کے استعمال یا معیار میں کمی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام ایس ایز کو اپنی اپنی ڈویژنز میں لوکل روڈ پروگرام کی کوالٹی کو خود مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی کی۔صوبائی وزیر نے فیلڈ افسران کو ڈیش بورڈ سسٹم بروقت اپ ڈیٹ کرنیکی بھی ہدایت کی۔




