تجاوزات کیخلاف کارروائی کیجائے

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ماحولیاتی اثرات (Environmental Impact) کے جائزے اور نہروں کے رائٹ آف وے (Right of Way) کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ انہار، جنگلات، ریونیو، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نہری اراضی پر تجاوزات، ماحولیاتی آلودگی، شجرکاری مہم، آبی گزرگاہوں کی بہتری اور نہری رائٹ آف وے کی بحالی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔متعلقہ افسران نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نہروں کے اطراف سرکاری اراضی کے تحفظ، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس میں نہری راستوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے، پانی کے بہائوکو بہتر بنانے اور سبز ماحول کے فروغ کے لیے جاری منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ نہری رائٹ آف وے کی بحالی حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہروں کے اطراف سرکاری اراضی پر کسی قسم کے غیر قانونی قبضے یا تجاوزات برداشت نہیں کیے جائیں گے اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنایا جائے اور سرکاری زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔کمشنر نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے تناظر میں شجرکاری، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ نہروں کے اطراف ستمبر تک 10 لاکھ پودے لگائے جائیں اور عوام میں ماحولیات کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں