جڑانوالہ(نامہ نگار)جڑانوالہ بلڈنگ انسپکٹر نے مبینہ طور پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کے احکاماتِ کو یکسر نظر انداز کر دیا، زیر تعمیر بلڈنگز پلازوں اور کالونیوں کا سروے کرنے کی بجائے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ پیش کی جانے لگی،شہریوں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کچی آبادیوں سمیت ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں سیوریج کے گٹروں کی ذمہ دارانہ سرویلنس جاری رکھی جائے اس ضمن میں بلڈنگ انسپکٹرز اپنے دائرہ کار کے علاقوں کی گلی،محلوں،بازاروں اور دیگر راستوں پر سیوریج کے گٹروں کا مکمل سروے کے تحت ریکارڈ مرتب کرکے ان کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں اور کسی جگہ گٹر پر ڈھکن نہ ہونے کی فوری نشاندہی کریں تاکہ میونسپل کارپوریشن،مواسا یا دیگر اداروں کے اشتراک عمل سے گٹروں و راستوں میں موجود و دیگر نوعیت کے خطرناک گڑوں کو بلاتاخیر محفوظ بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف ڈی اے نے مزید کہا ہے کہ بلڈنگ انسپکٹرز اپنے دائرہ اختیار کی رہائشی کالونیوں،کمرشل مارکیٹس اور کچی آبادیوں میں سیوریج کے گٹروں پر ڈھکنوں کی موجودگی اور سٹریٹ لائٹس چالو حالت میں ہونے کے بارے میں تصدیقی سرٹیفکیٹ فراہم کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسپکشن کا عمل تسلسل سے جاری رہنا چاہیئے تاکہ بغیر ڈھکن کے گٹر کی وجہ سے کسی حادثے کا احتمال نہ رہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس اہم ٹاسک میں ذرا بھی کوتاہی،لاپروائی یا عدم توجہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،خدانخواستہ کسی حادثہ کی صورت میں متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر قصور وار ہوگا۔ڈی جی ایف ڈی اے نے تمام شعبہ ٹائون پلاننگ اور اسٹیٹ مینجمنٹ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھلے گٹروں کے مسائل پر قابو پانے کے لئے ماتحت سٹاف کی کارکردگی پر نظر رکھیں اور اس اہم فریضہ کے حوالے سے سنجیدہ و ذمہ درانہ طرز عمل اختیار کریں کیونکہ حکومت پنجاب نے خطرناک گٹروں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے زیر ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے جس کی پابندی نہ کرنے پر محکمانہ کارروائی اور انسانی جان کو حادثہ در پیش ہونے پر قصور واروں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج ہو سکتا ہے مگر جڑانوالہ میں میونسپل کمیٹی بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں عرصہ دراز سے تعینات انسپکٹر نے مبینہ طور پر ڈی جی ایف ڈی اے کے احکاماتِ کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے اور ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ انسپکٹر کی جانب سے مبینہ لاپرواہی و کوتاہی کسی بھی وقت انسانی جانی ضیائع کا سبب بن سکتی ہے شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب،کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد،ڈی جی ایف ڈی اے سمیت دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ بلڈنگ انسپکٹر کو فی الفور تبدیل کرکے ذمہ دار فرض شناس بلڈنگ انسپکٹر تعینات کیا جائے




