ساہیوال کا کنعان پارک انتظامیہ کی غفلت کے باعث اُجڑ گیا

ساہیوال (بیورو رپورٹ) معروفی تفریحی مرکز کنعان پارک انتظامیہ کی مبینہ غفلت، عدم توجہی اور ناقص دیکھ بھال کے باعث بد حالی کی تصویر بن چکا ہے۔ ایک وقت تھا جب یہ پارک کشتی رانی، چڑیا گھر، جھولوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کی وجہ سے شہریوں، خصوصاً بچوں اور خاندانوں کی توجہ کا مرکز تھا، مگر آج اس کی حالت زار شہریوں کے لیے باعث تشویش بن چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پارک میں موجود چڑیا گھر تقریبا ختم ہو چکا ہے اور اب صرف چند بندر باقی رہ گئے ہیں جو شدید گرمی اور مناسب خوراک و پانی کی عدم دستیابی کے باعث قابل رحم حالت میں نظر آتے ہیں۔ پارک آنے والے افراد کے مطابق جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ | متعلقہ حکام صورتحال سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ ساہیوال جیسے بڑے شہر میں بچوں کے لیے معیاری تفریحی مقامات پہلے ہی محدود ہیں، جبکہ کنعان پارک کی موجودہ حالت نے شہریوں کو مزید مایوس کر دیا ہے۔ سبزہ اور پھولوں کی کیاریاں اجڑ چکی ہیں جبکہ صفائی ستھرائی کا نظام بھی شدید متاثر ہے۔ شہری حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس پارک کو شہر کی پہچان سمجھا جاتا تھا، وہ آج لاوارث دکھائی دیتا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ، متعلقہ ادارے فوری نوٹس لیتے ہوئے پارک کی بحالی، جانوروں کی مناسب دیکھ بھال، اور بچوں کے لیے جدید تفریحی سہولیات فراہم کریں تا کہ یہ مقام دوبارہ شہریوں کی تفریح کا مرکز بن سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں