چنیوٹ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ”Violence Against Women Never Again” کے تحت خواتین پر تشدد اور ہراسمنٹ کے خاتمے کے لیے چنیوٹ پولیس کی جانب سے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں چنیوٹ پولیس کے زیر اہتمام گورنمنٹ اسلامیہ کالج میں طالبات کے لیے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں انچارج اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل سب انسپکٹر شمائلہ نے طالبات کو ”Never Again”مہم کے مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے خواتین کے حقوق، تحفظ اور دستیاب قانونی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر طالبات کو ویمن سیفٹی ایپ، اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل اور خواتین کے تحفظ کے لیے پولیس کی دیگر خدمات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔سیمینار کے دوران ہراسمنٹ کی مختلف اقسام، سائبر ہراسمنٹ، گھریلو تشدد اور بدسلوکی جیسے مسائل پر روشنی ڈالی گئی جبکہ متاثرہ خواتین کے لیے دستیاب قانونی فورمز اور شکایات کے اندراج کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین پر گھریلو تشدد، ہراسمنٹ اور بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خواتین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈی پی او نے خواتین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی ہراسمنٹ یا تشدد کی صورت میں بلاخوف اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں تاکہ فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔




