سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدھری نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران برآمد ہونیوالے عزاداری جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی، ایم ڈی واسا، چیف آفیسر میونسپل کارپور یشن، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیتے ہوئے واسا کی جانب سے جاری ترقیاتی و نکاسی آب منصوبوں پر پیش رفت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل تمام ترقیاتی اور مرمتی کام مکمل کرکے سڑکوں اور گزرگاہوں کی مناسب لیولنگ کی جائے تاکہ عزاداروں کو آمدورفت کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ جلوس روٹس پر جاری تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور تعمیراتی ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈی ستھرا پنجاب کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور خصوصی صفائی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سی او ایم سی کو بھی ہدایت کی کہ محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق تمام ذمہ داریاں بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کی جائیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور پرامن ماحول کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں تاکہ جلوسوں اور مجالس کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔




