فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے چیئرمین محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ، سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری، سیکرٹری جنرل سید راشد گردیزی، میاں راشد حفیظ ، چوہدری ضمیر گجر صدرپنجاب شمالی، محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے آزاد کشمیر عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی پر پابندی عائد کرنے کے اقدام پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کا اصل مقصد معاملات کو بہتر انداز میں حل کرنا، عوام کے مسائل سننا اور اختلافِ رائے کو برداشت کرنا ہے نا کہ طاقت کے زور پر اپنی رائے کو دوسروں پر مسلط کرنا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جمہوری معاشروں کی بنیاد مکالمہ، برداشت اور عوامی رائے کے احترام پر قائم ہوتی ہے۔ اگر حکومتیں عوامی آوازوں کو دبانے، احتجاجی تحریکوں پر پابندیاں لگانے اور سیاسی اختلاف کو دشمنی سمجھنے لگیں تو اس سے نہ صرف جمہوری اقدار کمزور ہوتی ہیں بلکہ عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی متاثر ہوتا ہے۔پاکستان فلاح پارٹی کے رہنماں مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ایک باوقار، باشعور اور سیاسی شعور رکھنے والے عوام ہیں جنہوں نے ہر دور میں اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو طاقت یا پابندیوں کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش حالات کو مزید خراب کر سکتی ہے۔




