عوامی مسائل کا حل،وزیراعلیٰ شکایات سیل کی ٹیم سرگودھا پہنچ گئی

سرگودھا(بیوروچیف) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر عوام سے براہ راست رابطے اور عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کے لئے وزیر اعلیٰ شکایات سیل کی ذمہ دار ٹیم سرگودھا پہنچ گئی۔چیئرپرسن وزیر اعلی پنجاب شکایت سیل صائمہ فاروق نے آرٹس کونسل کمپلیکس میں کھلی کچہری لگائی اور عوامی مسائل سنے۔کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی ، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری ، ڈی پی او صہیب اشرف ، ایس پی انویسٹیگیشن عمران عباس چدھڑ ، ایم ڈی واسا احمد ہارون اور ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی رانا محمد ابوبکر نے بھی چیئرپرسن کے ہمراہ مسائل سن کر بعض درخواست گزاروں کے مسائل موقع پر حل جبکہ پیچیدہ معاملات کو تیزی سے حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر دیگر انتظامی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ پر ہجوم کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے محکمہ مال،پولیس،صفائی ستھرائی،سیوریج،زمین پر قبضہ سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کی اور مجموعی طور پر 246 سے زائد درخواست گزاروں نے اپنی شکایات پر مبنی درخواستیں پیش کیں۔ چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب شکایت سیل صائمہ فاروق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل کے ازالہ کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اضلاع کے دورے کرکے ڈویژنل،ضلعی اور پولیس انتظامیہ کے ہمراہ کھلی کچہریاں لگا رہی ہیں جہاں درخواست گزاروں کو کھل کر مسائل بیان کرنے اور ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی جگہ تمام محکموں کی موجودگی میں درخواست گزاروں کا موقف بھی سنا گیا اور بیشتر مسائل موقع پر ہی حل ہوگئے تاہم دیگر درخواستیں متعلقہ محکموں کے سپرد کی گئی ہیں جس کا مسلسل فالو اپ لے کر درخواست گزاروں کو آگاہ رکھنے کے ساتھ مسئلہ حل کرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پرچیئرپرسن شکایت سیل کی سربراہی میں ایک چھت تلے عوامی مسائل سنے گئے اور شہریوں کی درخواستوں پر شفاف انداز میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا رہی ہے اور درخواست گزاروں کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہری کے دوران آنے والی محکموں سے متعلقہ شکایات کے حل کے لئے افسران کو ٹائم لائن دے دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں