فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عشرہ محرم الحرام کا پیغام امن،رواداری اور احترام کے تحت وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر عشرہ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے ڈویژنل کور مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی راجہ دانیال احمد،میاں طاہر جمیل ، خان بہادر ڈوگر،قدسیہ بتول اور تیمور امجد لالی نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او تنویر حسین،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل عطیہ عنایت کے علاو ہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرزاورڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، جعفر نقوی،حسنین شیرازی،علامہ طاہر الحسن،عاشق حسین رضوی،یاسین ظفر،سید مسعود الحسن ترمذی،حاجی رضا شاہ،خلیل اشرفی،حاجی سکندر،محمد اسلم بھلی ودیگر ممبران نے کمشنر آفس اور بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ کمشنرنے ڈویژن بھر سے علما کرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈویژن بھر میں امن کے قیام کے لئے علماء کرام و ممبران امن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم میں امن وامان کا قیام ترجیح ہے اور چاروں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ وپولیس کی تیاریاں مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام درپیش چیلنجز کے باوجود عشرہ محرم انتظامات کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔کمشنر نے کہا کہ علما کرام سے روابط کا سلسلہ قائم اور معمولی سے معمولی مسئلہ کو پیشگی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علما کرام روا داری،یگانگت،صبر و تحمل اور بھائی چارے کے مزید فروغ کے لئے اقدامات جاری رکھیں اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھاجائے۔انہوں نے کہا کہ علما ہمارے دست بازو ہیں جنہیں ساتھ رکھیں اوران کی تجاویز کا ہمشیہ خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران جلوسوں ومجالس میں وقت کی پابندی کریں،تمام ایس اوپیز کا خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹیئر Tierپر میٹنگز ہوچکی ہیں،علما نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیاہے۔آئندہ بھی ممکنہ مسئلہ کا حل مل بیٹھ کر نکالنا ہے جس کے لئے علماء کا تعاون درکار رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں عشرہ محرم الحرام انتظامات میں ارکان اسمبلی کو ساتھ لے کر چلیں گے۔انہوں نے نشاندہی پربتایا کہ محرم جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک کا کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے جبکہ لائٹس کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سبیلوں کی چیکنگ ہوگی اور ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر کنٹرول روم فعال کئے جائیں گے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے انتظامات،ارکان اسمبلی نے اپنے تعاون اور علما کرام نے اتحاد بین المسلمین کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر قیام امن،اتحاد اتفاق اور وطن عزیز کی ترقی کی دعا بھی کی گئی۔




