لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام اور لیپ ٹاپ اسکیم کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے ہونہار اسکالرشپس کی تعداد 30ہزار سے بڑھا کر 50ہزار کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے لیے تقریبا ڈیڑھ لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، جس کے پیش نظر مستحق اور قابل طلبہ کی زیادہ تعداد کو مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی طرح حکومت نے لیپ ٹاپ اسکیم کے دائرہ کار میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران 71ہزار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ رواں سال 40 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے تھے۔حکام کے مطابق ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ پروگرامز پر مجموعی طور پر 75 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔




