اسلام آباد (بیوروچیف) ٹیکس وصولیوں میں بہتری اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مختلف فارمیشنز میں انتظامی استعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اہداف کے حصول اور ریونیو آپریشنز کو موثر بنانے کے لیے اہم عہدوں پر اضافی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ ان لینڈ ریونیو سروس کے 27 سینئر افسران کو مختلف اہم عہدوں کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔گریڈ 20 کے افسران کو تین ماہ کے لیے عارضی بنیادوں پر اضافی انتظامی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، جو مستقل تعیناتیوں تک جاری رہیں گی۔ یہ تقرریاں لاہور، اسلام آباد اور دیگر اہم شہروں میں کی گئی ہیں۔ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کے علاوہ ریجنل ٹیکس آفسز (RTOs)، لارج ٹیکس پیئر یونٹس (LTUs)، میڈیم ٹیکس آفسز (MTOs) اور ڈائریکٹوریٹس میں بھی افسران کو اضافی چارجز دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹیکس ریفارمز، ریفنڈز، ودہولڈنگ ٹیکس، اپیلز، انٹیلی جنس اور ٹریننگ جیسے اہم شعبوں میں تجربہ کار افسران کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ ٹیکس دہندگان کے معاملات کو بروقت نمٹایا جا سکے اور ریونیو کلیکشن کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ٹیکس اصلاحات کو موثر بنانا، مانیٹرنگ بہتر کرنا اور فیلڈ آپریشنز کی کارکردگی میں اضافہ کرنا ہے۔




