اسلام آباد(بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ورکنگ خواتین کی سہولت کے لیے صوبے بھر میں ڈے کیئر سینٹرز کے وسیع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی ایم سپیشل انیشیٹو کے تحت ڈے کیئر سینٹرز کا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، جس کے تحت ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں مجموعی طور پر 650ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔حکومت نے اس منصوبے کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 390ڈے کیئر سینٹرز کے قیام کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے 350مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں جبکہ 40زیرِ تکمیل ہیں۔منصوبے کے مطابق ڈے کیئر سینٹرز میں بچوں کے لیے ایجوکیشنل میٹریل، کھلونے اور ایل سی ڈی اسکر ینز کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ تربیت یافتہ کیئر گیورز بچوں کی دیکھ بھال پر مامور ہوں گے۔ ابتدائی طور پر وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ آیا کی تنخواہوں کی ادائیگی کرے گا۔ڈے کیئر سینٹرز کی آن لائن مانیٹرنگ کے لیے خصوصی نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔




