فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)انجمن تاجران سمندری روڈ کا اجلاس نائب صدر میاں رازق منیر کے آفس میں ہوا’ اجلاس کے مہمانان خصوصی انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ الائیڈ گروپ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کموکا’ جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض تھے’ اجلاس میں انجمن تاجران سمندری روڈ کے صدر چوہدری علی اختر’ جنرل سیکرٹری میاں محمد رفیع اور انجمن کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی’ سپاسنامے میں انجمن تاجران سمندری روڈ کے صدر چوہدری علی اختر’ جنرل سیکرٹری میاں محمد رفیع نے کہا کہ سمندری روڈ کے دکاندار کئی مسائل سے دوچار ہیں’ خصوصا سلپ روڈ کافی عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے یہاں سے پیدل گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے’ اکثر اوقات سیوریج کا گندہ پانی کھڑا رہتا ہے اور معمولی بارش ہو جائے تو یہاں پر پھسلن ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے حادثات بھی رونما ہوتے ہیں’ مہمانان خصوصی انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ الائیڈ گروپ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کموکا’ جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض نے کہا کہ ہم انجمن تاجران سمندری روڈ کے عہدیداروں سے قدم سے قدم ملا کر چلیں گے اور یہاں کے تمام مسائل ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علم میں لائیں گے اور کوشش کریں گے کہ سمندری روڈ کی سلپ روڈ کو جلد از جلد نئے سرے سے تعمیر کروایا جائے’ اس کے علاوہ انہوں نے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تاجر برادری اور چھوٹے دکانداروں کو خصوصی ریلیف دیا جائے اور ٹیکسوں کا بوجھ عام آدمی پر نہ ڈالا جائے کیونکہ غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی ہوشربا مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے’ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تاجر برادری کو ریلیف دینے کے لئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے، فکسڈ ٹیکس نظام کو آسان بنایا جائے اور کاروباری لاگت میں کمی کے لئے بجلی کے نرخوں میں مناسب ریلیف فراہم کیا جائے’ تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ملکی محصولات میں اہم کردار ادا کرتی ہے اس لئے ٹیکس نظام کو سادہ شفاف اور کاروبار دوست بنایا جانا چاہیے’ انہوں نے تجویز دی کہ نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے تاکہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ نہ پڑے’ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ میں ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جو کاروباری سرگرمیوں’ سرمایہ کاری’ روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں گے۔




