فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے اہم ترقیاتی سکیموں کو 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مون سون سیزن کے دوران عوام ان ترقیاتی سکیموں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ ایم ڈی واسا نے ڈی ایم ڈی انجینئرنگ شعیب ضیا کے ہمراہ شیخوپورہ روڈ پر کریسنٹ گراونڈ میں زیر تعمیر انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینک کی تعمیراتی سائٹ کا وزٹ کیا اور اب تک ہونے والی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں مون سون سیزن کی بارشوں کے پانی کے فوری اخراج کے لئے کریسنٹ سکول گرائونڈ، ہاکی اسٹیڈیم مدینہ ٹائون، جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سے ملحقہ اور نڑوالا روڈ پر پاکستان چوک پر انڈر گرائونڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کئے جارہے ہیں جنہیں 30 جون تک لازمی مکمل کیا جائے تاکہ آئندہ موسم برسات کی بارشوں کے دوران شہریوں کو ان ترقیاتی سکیموں کے سبب نکاسی آب میں نمایاں ریلیف حاصل ہو سکے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہوئے رپورٹ اعلی حکام کو بھجوائی جارہی ہے۔ شہریوں کو نکاسی آب کی معیار سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔




