فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کی اپیل پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی ریلوے ملازمین نے آئندہ بجٹ میں اپنے مطالبات کے حق میں ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری،میاں طاہرایوب، عبدالشکور عباسی، ظہیرا لد ین بابر،کاظم فاروق گل،شیخ ذیشان، نورالدین، بائو طاہر، ساجد عمران، محمد کاشف، بابرنواز، شاہد بھٹی، رانازاہد ودیگر نے کی۔ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدیدنعرہ بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالدمحمودچوہدری،میاں طاہرایوب نے کہاکہ پاکستان کا مزدوراشرافیہ کے ساتھ ساتھ ان کے پالتو جانوروں کی خوراک کے اخراجات بھی اداکررہاہے جو ڈالروں کی صورت میں باہرسے منگوائی جاتی ہے،یہ ظلم و زیادتی اب برداشت نہیں کی جائے گی،ہر پاکستانی کی طرح اشرافیہ کو بھی قربانی دیناپڑے گی۔انہوں نے کہاکہ پریم یونین کے کارکنوں نے ملک بھر میں ریلیوں اورمظاہروں کے ذریعے حکومتی ایوانوں تک تنخواہوں اور پنشن میں سو فیصد اضافہ اور دیگر مطالبات پہنچائے ہیں۔ پریم یونین اور ریلوے مزدور امید رکھتے ہیں کہ وزیر اعظم موجودہ مہنگائی اور اند رونی و بیرونی ملک دشمنوں کی سازشوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اور مزدوروں کی امنگوں کو مطابق آئندہ بجٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگرسرکاری اداروں کے طرح ریلوے ملازمین کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی بھی حکومت اپنے ذمہ لے۔ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ ریلوے میں تنخواہوں کی ادائیگی کے شیڈول کو معمول کے مطابق لایا جائے۔ سکیل ایک سے لے کر سولہ تک کے ملازمین اور پنشنرز کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ ریلوے کے ملازمین 2019 سے بغیر ٹی اے، ڈی اے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ٹی اے ڈی اے کی فوری ادائیگی کی جائے، خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی بجائے ریلوے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے، ٹی ایل اے اور ان ویلڈ ملازمین کو فوری طور پر مستقل کرنے کا اعلان کیا جائے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے پہلے ان ویلڈ ملازمین کے بچوں کوفوری طور پر ریلوے میں بھرتی کیا جائے، ریلوے کا بجٹ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق طے کیا جائے۔ ریلوے میں فوری طور پر ریفرینڈم کا اعلان کیا جائے۔ مسافر ٹرینوں کی نجکاری کو ختم کیا جائے۔ مسافر اور گڈز کو چز ریلوے ٹریک کی مرمت کے لیے حکومت فوری طور پر مالی وسائل فراہم کرے،تمام ایڈہاک ریلیف الانسز کوبنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نئے سکیل ریوائزکئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پریم یونین اور ریلوے ملازمین پاکستان کی سالمیت کیلئے حکومت پاکستان کے ہر مثبت اقدام کے شانہ بشانہ ہے۔ اسی طرح ریلوے اور ریلوے ملازمین کی بہتری کو مد نظر رکھتے ہوئے جو بھی اقدامات کرے گی پریم یونین کا بھر پور تعاون ریاست پاکستان کے ساتھ ہوگا۔




