لاہور (بیوروچیف) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے منشیات کے بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال پنجاب پولیس نے مجموعی طور پر 21ہزار 824منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جبکہ 21ہزار 712مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 11ہزار 626کلوگرام چرس، 1ہزار 166کلوگرام ہیروئن، 687 کلوگرام آئس اور 536کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 3 لاکھ 45ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی گئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری رہیں، جہاں رواں سال 2ہزار 866 منشیات فروش گرفتار اور 2ہزار 775 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں 1ہزار 27 کلوگرام چرس،82کلوگرام ہیروئن،256 کلوگرام آئس،29کلوگرام افیون اور 14ہزار 847لیٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے اطراف میں خصوصی کارروائیاں تیز کی جائیں۔




