فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد عابد حسین بھٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں اور عزاداران کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں جلوسوں و مجالس کے روٹس اور مرکزی امام بارگاہ کے اطراف کے علاقوں کے تفصیلی دورے کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن عطا المحسن و دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے آپریشن ونگ کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عزاداران کو صاف ستھرا اور سہل ماحول میسر آ سکے۔ایم ڈی نے کہا کہ مجالس کے انعقاد کی جگہوں، امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور اطراف کی سڑکوں پر خصوصی صفائی آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اہم مقامات پر بروقت کوڑا کرکٹ اٹھانے، واشنگ اور پانی کے چھڑکا کے انتظامات مکمل کئے جائیں تاکہ گرد و غبار اور ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی عملہ، مشینری اور متعلقہ وسائل کو مکمل طور پر متحرک رکھا جائے گا اور تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔




