ساہیوال (بیورو چیف) ساہیوال شہر اور گردو نواح میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بے قابو ہوتی جا رہی ہیں جبکہ پرائس کنٹرول کے لیے مقرر کردہ سپیشل پرائس مسجد میںمنظر سے غائب دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں، سبزی و پھل منڈیوں، کریانہ اسٹورز تندوروں اور دیگر تجارتی مراکز میں سرکاری نرخناموں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں مگر ذمہ دار افسران کی جانب سے مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔ شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پرائس کنٹرول مجسٹریس واقعی فیلڈ میں موجود ہوتے تو آٹا، چینی، دالوں، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردو نو ش کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر من مانی انداز میں نہ بڑھتیں ۔ دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ سرکاری نرخنامے یا تو آویزاں ہی نہیں یا پھر محض دکھاوے کے لیے ـلگائے گئے ہیں جن پر عملدر آمد کہیں دکھائی نہیں دیتا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریس کو روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کرنا چاہیے، سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد کروانا چاہیے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ـخلاف بھاری جرمانوں، دکانوں کی سیلنگ اور قانونی کارروائی سمیت تمام اختیارات استعمال کرنے چاہئیں۔




