اسلام آباد (بیوروچیف) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لاکھوں مستحقین کیلئے ایک بڑی تبد یلی کا فیصلہ سامنے آیا ہے جسکے تحت پرانا کیش ادائیگی کا نظام بتدریج ختم کرکے اسے ڈیجیٹل والٹ سسٹم سے تبدیل کیا جا رہا ہے، اس اقدام کا مقصد ادائیگی کے عمل کو زیادہ آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے۔ نئے نظام کے پہلے مرحلے میں کیش ادائیگی کے روایتی طریقے کو ختم کیا جا رہا ہے، اس کے بعد مستحقین کو طویل قطاروں اور پیچیدہ نقد وصولی کے عمل سے نجات مل جائیگی کیونکہ مالی امداد براہِ راست بینک اکائونٹس یا موبائل والٹس میں منتقل کی جائیگی۔ دوسرے مرحلے کے مطابق یہ پورا نظام خودکار (آٹومیٹڈ)ہوگا جس میں کسی بھی مستحق فرد کو دفتر جانے، درخواست دینے یا فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی، اہل افراد کو ڈیٹا بیس کے ذریعے خودکار طور پر بینک یا موبائل والٹ سے منسلک کر دیا جائیگا اور عمل مکمل ہونے پر انہیں اطلاع بھی دی جائیگی ۔ تیسرے مرحلے میں مختلف بینکاری اور ڈیجیٹل سروسز کو اس نظام میں شامل کیا جا رہا ہے جن میں حبیب بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، حبیب بینک لمیٹڈ کنیکٹ، جازکیش اور ایزی پیسہ جیسے پلیٹ فارم شامل ہوں گے۔چوتھے مرحلے میں ادائیگی کے حصول کے لیے بائیومیٹرک تصدیق یعنی انگوٹھے کے نشانات لازمی قرار دئیے گئے ہیں۔




