لاہور(بیوروچیف) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیرصدارت انسدادِ سموگ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی صنعتی یونٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں لاہور سمیت صوبے بھر کے رہائشی علاقوں اور گھروں میں قائم غیر قانونی صنعتی یونٹس کو فوری ہٹانے اور کریک ڈان شروع کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔سینئر وزیر نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی صنعتیں ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب بن رہی ہیں، غیر قانونی فیٹ میلٹنگ یونٹس کے خلاف سخت کارروائی اور منظور شدہ اربن انڈسٹریز کو مرحلہ وار سپیشلائزڈ زونز میں منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق رہائشی علاقوں میں قائم صنعتوں کی منتقلی کے لیے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ صنعتی یونٹس کے لیے جاری تمام این او سیز فوری منسوخ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں، این او سی جاری کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تار اور پلاسٹک جلانے والی صنعتیں شہری فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں ۔




