فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر نے فیسکو ریجن میں بجلی کے واجبات کی وصولی کے لیے جاری ریکوری مہم کو مزید تیز اور موثر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹر ز سے ہر صورت واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے اور مقررہ ریکوری اہداف جون 2026 کے اختتام تک مکمل کیے جائیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام آپریشن سرکلوں، ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی خصوصی ریکوری ٹیموں کی مددسے ریکوری مہم میں مزید تیزی لائیں، گھر گھر چیکنگ کی جائے اور نادہندہ صارفین کو فوری طور پر واجبات کی ادائیگی کے لیے آمادہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔فیسکو ترجمان محمد سعید رضا کے مطابق چیف ایگزیکٹو فیسکو کی ہدایت پر فیسکو کی جانب سے نادہند گا ن کیخلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایسے صارفین جن کے بجلی کنکشن عدم ادائیگی کی وجہ سے منقطع کیے جا چکے ہیں اوراگر وہ کسی دوسرے ذریعے سے غیر قانونی طور پر بجلی حاصل کر رہے ہیں توان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور غیر قانونی سپلائی کو فوری طور پر منقطع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نادہندہ صارفین کو واجبات کی ادائیگی کے لیے آخری نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں اور بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ کنکشن بجلی منقطع کیے جا سکتے ہیں۔




