محرم الحرام میں جلوسوں کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے’ آر پی او

کمالیہ(نامہ نگار)ریجنل پولیس آفیسرفیصل آباد ڈویژن سہیل اختر سکھیرا نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمالیہ میں مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پرڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد عمر عباس بھی ان کے ہمراہ تھے ۔دورے کے دوران آر پی او فیصل آباد نے مرکزی جلوس کے روٹ پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات، مانیٹرنگ سسٹم، داخلی و خارجی راستوں، چھتوں کی کلیئرنس، پارکنگ پوائنٹس، واک تھرو گیٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں جلوس کے روٹ، سکیورٹی پلان، نفری کی تعیناتی اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹ پر تمام ضروری انتظامات مکمل ہونے چاہئیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن و امان کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداران اپنے مذہبی فرائض پرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ نے آر پی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمالیہ کے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے جامع اور مثر پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔ جلوس کے روٹ پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جا رہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی، واک تھرو گیٹس کی تنصیب اور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی کے انتظامات کو مزید مثر بنایا جا رہا ہے ۔دورے کے اختتام پر آر پی او فیصل آباد نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ، جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں تاکہ ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم رہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں