فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) ذیشان نصراللہ رانجھا نے فیصل آباد کی غلہ منڈی کاوزٹ کیا ۔صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی حاجی سردار محمد اور چیئر مین رانا طیب خاں،وائس چیئر مین شیخ محسن کی قیادت میں آڑھتیوں کے وفد نے ڈی جی پامرا پنجاب کا پر تپاک استقبال کیا اور انہیں غلہ منڈی کی طرف سے پھولوں کے گلدستے اورشیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر ڈی جی پامرا پنجاب نے انجمن آڑھتیاں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیصل آباد کی غلہ منڈی میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس کی پنجاب میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے انصاف گروپ کے مطالبہ پر گولڈن مارکیٹ کے دکانداروں کو بھی غلہ منڈی کا حصہ بنانے اور انہیں لائسینس جاری کرنے کے احکامات جاری کئے۔انصاف گروپ کے مطالبہ پر ہی انہوں نے غلہ منڈی کی پارکنگ کی چار دیواری اور وہاں ٹف ٹائل لگانے کی بھی منظوری دی جس پرصدر حاجی سردار محمد، چیئر مین انجمن آڑھتیاں رانا طیب خاں اور دیگر عہدیداروں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈی جی پامرا پنجاب نے فیصل آباد کی غلہ منڈی کے جو کام رہ گئے تھے ان کی منظوری دے کر آڑھتیوں کے دل جیت ہیں انہوں نے کہا کہ انصاف گروپ نے ہمیشہ منڈی کے مشترکہ مفاد کو ترجیح دی ہے ۔اب یہ غلہ منڈی کا باقاعدہ حصہ بن گئے جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔




