فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ویژن کے تحت انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی طرف سے فیصل آباد کے ماحول کوترو تازہ اور سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے2اینٹی سموگ گنز فراہم کردی گئیں۔ڈائریکٹر جنرل انوائر منٹل پروٹیکشن ایجنسی عمران حامد شیخ نے ڈی سی کمپلیکس میں بٹن دبا کراینٹی سموگ گنز کا افتتاح کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مدثر ممتاز، ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی محمد عثمان اظہر کے علاوہ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز فاروق یوسف شیخ،چیئرمین ایپٹیپما با اکرم،وحید خالق رامے سمیت صنعتی و کاروباری نمائندگان بھی شریک تھے۔اس موقع پر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد اور انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے مابین سموگ کی روک تھام کے لئے تحقیقی ریسرچ کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر (ای پی اے)نے انسدادی و حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں گزشتہ سال کامیاب تجربہ کے بعد آئندہ سموگ سیزن کیلئے فیصل آباد کو2 اینٹی سموگ گنز فراہم کی گئی ہیں جس کی بدولت مٹی دھول اور گردوغبار کے خاتمہ سمیت ہاٹ سپاٹ مقامات پر پانی کا سپرے کرکے سموگ میں واضح کمی آئے گی۔انہوں نے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور دیگر انسدادی و حفاظتی اقدامات کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شہر ہونے کے باعث فیصل آبادمیں چینلجز کا سامنا ہے تاہم مربوط اقدامات کو بروئے کار لاکر سموگ کے مضر اثرات پر قابو پانا ناگزیر ہے۔انہوں نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے تعاون کا خیر مقدم کیا۔صنعتکاروں نے فیصل آباد کو اینٹی سموگ گنز کی فراہمی پر حکومت پنجاب کا شکریہ اداکیا اور یقین دلایا کہ صنعت سے وابستہ افراد ماحول کو صاف شفاف بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔




