ٹوبہ روڈ انڈرپاس تعمیر نہ ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار

گوجرہ ( نامہ نگار)ٹوبہ روڈ انڈر پاس کی تعمیرنہ ہونے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو چکاہے۔حکومتی لاپرواہی سے ملحقہ آبادیوں کے عوام مسائل کا شکارہیں۔سکول وکالجز کے طلبا و طالبات کو شدید دشواریاں درپیش ہیں اور مریضو ں کو ایمر جنسی کی حالت میں ہسپتال منتقل کر نے میں شدیددقت کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔انڈر پاس کی سہولت نہ ہو نیکی وجہ سے ریلوے لائن کراس کرتے وقت کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور کئی معذوری کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے امیرڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے کہاکہ حکومت کی طرف سے محلہ سراج ٹائون،قادٍرکالونی،نشاط آباد،ولی آباداور شاہ آباد کالونی سمیت دیگر ملحقہ آبادیوں کے عوام کے پر زور مطالبہ پر انڈر پاس کی سہولت دینے کیلئے تعمیراتی منصوبہ دیاگیاتھاجس پر کافی حد تک کام مکمل ہوااور بعد ازاں بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پرٹھیکیدار نے اس منصوبہ کی تکمیل کا عمل روک دیاجو ابھی تک رکا ہواہے جبکہ اس منصوبہ کی تعمیر کیلئے منگوایاگیا میٹریل اور مشینری وغیرہ ضائع ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ مقام پر گندہ پانی کھڑاہونے سے مچھروں سمیت دیگر حشرات جنم لے رہے ہیں جس سے اہل علاقہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ مذکورہ علاقہ میں گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر بھی لگ چکے ہیں۔جس پر مقامی وضلعی انتظامیہ مکمل خاموشی اختیار کئے ہو ئے ہے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوامی فلاح وبہبود کے اس منصوبے پر اپنی آواز اور جدو جہد کو جاری رکھے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ انڈر پاس کے اس منصوبے کو جلد ازجلددوبارہ شروع کرکے مکمل کیا جائے تاکہ قومی وسائل کا نقصان ہونے سے بچا یاجا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں