مہنگائی کی شرح ساڑھے11فیصد سے تجاوز کر چکی ہے

فیصل آبا د( سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ ،سیکرٹری چوہدری محمدسلیم نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ الفاظ اور اعداد وشمار کے ہیرپھیر کے ذریعے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا،عوام مہنگائی، بے روزگاری، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں، اشیائے خورد و نوش کی مسلسل مہنگائی سے پریشان ہیں،مہنگائی کی شرح ساڑھے 11 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے، 50 فیصد لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے، پیداواری لاگت میں بے تحاشا اضافہ سے صنعتی پہیہ جام ہے، تعمیراتی سامان کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے تعمیراتی شعبہ سے وابستہ 40 کے قریب کاروبار شدید متاثر ہیں، بھاری بھرکم ٹیکسوں کے باعث رئیل اسٹیٹ سیکٹر جمود کا شکار ہے، ہر لیٹر پٹرول پر 142 روپے سے زائد لیوی وصول کرکے حکومت عوام پر ظلم کررہی ہے۔انہوںنے کہاکہ معاشی ماہرین کے پاس معاشی بحران کے خاتمہ کے لئے بنیادی اقدامات کا وژن ہی نہیں۔
،قرضوں کا خاتمہ، خودانحصاری، خودداری کی معیشت اور سُود کی لعنت کے خاتمہ کا کوئی روڈ میپ موجودہ بجٹ میں نہیں دیا گیا،دفاعی بجٹ میں کیا گیا اضافہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے لیکن صوبوں کے ترقیاتی بجٹ سے 1225 ارب روپے کی کٹوتیاں جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات، حکومتی شاہ خرچیوں، مفت خوری اور عیاشیوں کو ختم نہ کرنا پالیسی سازوں اور حکومت کی ترجیح نہیں،سیاسی بحران کا خاتمہ کئے بغیرمعاشی استحکام کا حصول ناممکن ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومتی قرضے 82 ہزار ارب کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکے اور اس سال 7 ہزار ارب سے زائد بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے حکومت مزید قرض لے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں