رکشہ یونین کا ایل پی جی کی گرانفروشی کیخلاف احتجاج

لاہور (بیورو چیف)عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری کی قیادت میں ٹھوکر نیاز بیگ چوک پر ایل پی جی کی بدترین گراں فروشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں اور محنت کشوں نے شرکت کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے لیکن لاہور کے مختلف علاقوں میں یہی گیس 600 سے 650 روپے فی کلو تک کھلے عام فروخت کی جا رہی ہے۔ عوامی رکشہ یونین نے الزام عائد کیا کہ اس منظم لوٹ مار میں متعلقہ محکموں کی غفلت، ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اور ذمہ دار اداروں کی ناقص نگرانی شامل ہے، جس کے باعث عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔احتجاج کے دوران رکشہ ڈرائیوروں نے ایل پی جی کے سلنڈر اٹھا رکھے تھے۔جبکہ گلے میں خشک روٹیوں اور سبزیوں کے ہار پہن رکھے تھے، جو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام کی معاشی بدحالی کی علامت تھے۔ مظاہرین نے خالی ہانڈیاں، برتن اور ڈھکن بجا بجا کر حکومتی نااہلی اور انتظامی بے حسی کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے کہا کہ ایل پی جی کا ریٹ کنٹرول نہ ہوا تو ڈی سی افس کا گھیرائو کریں گے۔ضلعی انتظامیہ اور حکومت ایل پی جی مافیا اورگراں فروشوں کو لگام ڈالے۔ایل پی جی مافیا اور گراں فروش عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔اگر اوگرا نے قیمت مقرر کر رکھی ہے تو پھر عوام سے دوگنا قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں