کراچی (بیورو چیف)فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ تحسین نے وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ نے صنعتکاروں کے مسائل کا مکمل مداوا نہیں کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ریفنڈز کی عدم ادائیگی اور انرجی ٹیرف پر خاموشی صنعتی سیکٹر کیلئے تشویشناک ہیں، برآمدی شعبے کو سہولیات نہ دینے پر معاشی چیلنجز کا سامنا رہے گا۔انہوںنے کہاکہ بجٹ میں صنعتی انقلاب کا فقدان رہا، حکومت نے صنعتی انجمنوں کی تجاویز پر عمل نہیں کیا، اسمال میڈیم انڈسٹریز کو نظر انداز کرکے برآمدی شعبے کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے۔شیخ تحسین نے کہا کہ بجٹ میں پراپرٹی اور ٹریول سیکٹر کو ملنے والا ریلیف معیشت کو فائدہ پہنچائے گا۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ بجٹ کے بعد نئی صنعتی پالیسی میں برآمدی شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرے۔شیخ تحسین نے کہا کہ برآمدات کو فروغ ملنے سے ہی زرمبادلہ میں آمدنی بڑھ سکے گی۔




