معرکہ کربلا نے انسانیت کو جینے مرنے کا سلیقہ سکھایا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر ) سابق وفاقی مشیرداخلہ ملک اصغر علی قیصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ معرکہ کربلا نے انسانیت کو جینے اور مرنے کا سلیقہ سکھایا اور باطل کے مد مقابل ڈٹ جانے کا درس دیا۔جگر گوشہ بتول نواسہ رسول سیدنا امام حسین فضائل و مناقب اور سیرت و کردار کا روشن و در خشاں باب ہے ۔ کربلا ہمیشہ زندہ رہنے کے لئے جام شہادت نوش کرنے کا پیغام ہے کربلا ئے انسانیت ایک عظیم درس گاہ اور عقیدتوں کا مرکز ہے کربلا وہ چشمہ فیض ہے جس سے ہر انسان فیض یاب ہو رہا ہے ۔ حضرت امام حسین کی شہادت نے ضمیروں کو بیدار کیا سابق وفاقی مشیرداخلہ ملک اصغر علی قیصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ آ ج چودہ سو برس گزرنے کے با وجود سیدنا امام حسین کا پیغام اور فلسفہ حق و صداقت دین اسلام کی سر بلندی کا روشن نشان ہے ۔ نواسہ رسول ۖسیدنا امام حسین کا اسوہ ہمارے سامنے نہ ہو تو جبر و استبدادکے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھ سکتا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ابن علی نے حق و صداقت کی وہ لا زوال شمع روشن کی جو کفر و باطل کی گھٹا ٹوپ ظلمتوں میں انسانیت کے لئے راہ نجات اور چراغ راہ منزل ہے۔ امام حسین کی ذات آج پوری انسانیت کے لیے جرات و بہادری کی علامت ہے ،واقعہ کربلا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اسلام کا سرمایہ حیات یزیدیت نہیں بلکہ حسینیت ہے۔واقعہ کربلا صرف نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ اسلام اور یزید کے درمیان ہونے والی جنگ کا نام نہیں بلکہ حق و باطل کے درمیان ابدی جنگ کا نام ہے جس میں حق نے اپنا سر کٹوا کر باطل کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے سرنگوں کر دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں